کراچی: کراچی بین الاقوامی شہر ہے اسکے رہنے والوں کو بین الاقوامی طرز کی سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کراچی کے نو منتخب ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے منصب سنبھالنے کے بعد بلدیہ وسطی ناظم آباد میں قائم شالیمار پارک کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی ،رکن صوبائی اسمبلی ریحان ظفر ،میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو ، انفارمیشن آفیسر عالمگیر سیفی و دیگر متعلقہ افسران ،میڈیا کے نمائندے کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر ارشد وہرہ نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے ہر شہری کو کراچی کو own کرنا پڑیگا تاکہ جلد از جلد کراچی کو دنیا کے صاف و شفاف شہر وں کی صف میں لایا جاسکے انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات ،فنڈز کی کمی کا سامنا ہے لیکن عوام کی محبت بڑا سرمایہ ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے در اصل عوام کے ہی نمائندے ہوتے ہیں اور بلدیاتی ادارے عوام کے لئے ہی قائم کئے جاتے ہیں اس لئے عوام اور بلدیاتی نمائندے اور عوام کا باہمی تعاون کراچی کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے جنریشن اسکول ناظم آباد کیجانب سے شجر کاری اور صفائی مہم کی ایکٹیوٹی پروگرام میں شرکت کی پروگرام کی انچارج اسماء اعجاز نے ڈپٹی میئر کو پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہی فراہم کی ۔ارشد وہرہ نے اسکول کے بچوں کی جانب سے کی جانے والی صفائی اور شجرکاری کی مہم کو سرہاتے ہوئے کہا کہ اپنے شہر کو سنوارنے کے لئے ہر شہری کو میدان عمل میں آنا ہوگا اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ اس ضلع کو صفائی کے حوالے سے کراچی ہی کا نہیں پورے پاکستان کا مثالی ضلع بنانے کے لئے کوشاں ہے ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیاتی قیادت عوام کو انکی دہلیز پر بلدیاتی سہو لیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے اپنے تمام دستیاب وسائل کو برئے کار لارہی ہے۔۔