ڈیرہ بگٹی (جیوڈیسک) ڈیرہ بگٹی کے پاکستانی چوک میں بم دھماکے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔
نامعلوم دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول بم سبزی کے پتھارے کے نیچے نصب کر رکھا تھا ادھر بلوچستان کے ہی علاقے پسنی میں ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی نے کالعدم تنظیم کے کارندوں کی اطلاع پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں چار ملزمان زخمی ہونے کے بعد فرار ہو گئے۔
دوسری طرف کوہاٹ میں بنوں پھاٹک کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے گرفتار دہشت گرد سے تین کلو بارودی مواد اور تین دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان درہ آدم خیل گروپ سے بتایا گیا ہے۔