ڈیرہ بگٹی (جیوڈیسک) لوٹی کے مقام پر ملک دشمن عناصر اور شر پسندوں نے سولہ انچ گیس پائپ لائن کو تباہ کر دیا۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں لوٹی کے مقام پر دہشت گردوں نے 16 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا، جس کے بعد کنواں نمبر 7 اور 10 کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ایف سی اہل کاروں کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا، جس میں گیس پائپ لائنز اڑانے، ریلوے ٹریک تباہ کرنے اور صوبے میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گردے بڑی تعداد میں ہلاک و زخمی ہوئے۔ ایف سی کی جانب سے بھر پور کارروائی میں ایک جوان شہید بھی ہوا۔
فرنٹئیر کور نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے رستم دربار اور درینجن میں کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا، جہاں جھڑپ میں 30 شرپسند ہلاک ہوئے جب کہ 8 فراری کیمپوں کو مسمار بھی کیا گیا۔ فراری کیمپوں سے اہم دستاویزات ملی ہیں جن میں بیرونی ممالک کی مداخلت کے شواہد موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔