ڈیرہ غازیخان (ریاض جاذب سے) لوکل گورنمنٹ کے اداروں کی بنیادی اکائی یونین کونسل سب سے زیادہ اہمیت حامل اور سب سے زیادہ مسائل کا شکار بھی ہیں۔ نئی حلقہ بندیوں کے بعد یونین کونسلوں کی تعداد بھی بڑھ چکی ہے۔ ڈیرہ غازیخان میں شہری اور دیہی یونین کونسلوں کی تعداد 115 ہوچکی ہے۔ انتخابات کے بعد نومنتخب نمائندگان کے لیے دفاتر، دفتری استعمال کا سامان اور عملہ کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ سامنے آیا ہے۔ اس وقت لوکل گورنمنٹ کے پاس کم وسائل کی وجہ سے اس مسئلہ کا حل نہیں پہلے سے موجود یونین کونسلوں کے دفاتر کی مرمت اور تزین آرائش اورنئے دفاتر کی تعمیر کے لیے تقریبا پچاس کروڑ کی گرانٹ کی ضرورت ہے۔تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن TMA کے نظام کے تحت کام کرنے والی یونین کونسلوں میں جب ایڈمنسٹریٹر مقر ر کئے گئے تو یونین کونسلیں بحران کا شکار ہوگئیں اور بے توجہی کی وجہ سے دفاتر بھی اجڑ گئے۔بیشتر سے زائد یونین کونسلوں کے دفاتر کا سامان یا تو غائب ہے یا پھر ضائع ہوچکا ہے۔ ڈیرہ غازیخان کی متعددیونین کونسلوں کے دفاتر سے فرنیچرسمیت دیگر سامان اور در و دیوار تک نہیں ہیں ۔نومنتخب چیئرمین اور کونسلروں میں اس حوالے سے بھی مایوسی پائی جاتی ہے کہ اگر انہیں چارج مل بھی گیا تو وہ ان حالات میں کیسے کام کریں گے۔