ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) آپریشن ‘ردالفساد’ کے سلسلے میں ڈیرہ غازی خان کے علاقے چھیرا تھل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک کارروائی کی گئی۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف ایک کارروائی میں کم از کم پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ رینجرز کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ “آئی ایس پی آر” کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ‘ردالفساد’ کے سلسلے میں اتوار کو ڈیرہ غازی خان کے علاقے چھیرا تھل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک کارروائی کی گئی۔
علاقے میں چھپے مشتبہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جس سے رینجرز کا ایک اہلکار سپاہی کامران ہلاک جب کہ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ہارون زخمی ہو گئے۔
کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا گیا۔
فروری میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مہلک دہشت گرد حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا تھا جس میں اب تک درجنوں مشتبہ عسکریت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہلاک جب کہ سیکڑوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔