ڈی جی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان کے علاقے معموری میں بھائی نے گھریلو تنازعہ پر دوسرے بھائی کے کمرے کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دو بچیاں اور ایک خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ چوٹی کے علاقے معموری میں محمد علی اورغلام قاسم نامی بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد محمد علی نے غلام قاسم کے کمرے کو آگ لگا دی، آگ نے کمرے کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا
جس کے نتیجے میں غلام قاسم کی اہلیہ مسرت بی بی اور دو بچیوں زہرہ اور ثمرین جھلس کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ گھر کا سربراہ غلام قاسم اس کے دوبچے دس سالہ یوسف اور ایک سالہ محمد حسن جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اسپتال میں برن وارڈ نہ ہونے کے باوجود زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں نشتر اسپتال منتقل کیا جائیگا۔ ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔