ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے مقامی سیاسی رہنما فقیر جمشید پرحملے کے ماسٹرمائنڈ طالبان کمانڈر قاری اکرام کے 6 ٹھکانے تباہ کر دیے۔
کارروائی کے دوران خود کش جیکٹیں، اسلحہ اور بارود بھی برآمدہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان صادق حسین بلوچ نے بتایا کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ گرہ جانہ میں پولیس نے آج صبح قاری اکرام کے گھر اور ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔
کارروائی کے دوران قاری اکرام چار ساتھیوں سمیت جنگل میں فرار ہو گیا۔ پولیس نے پناہ دینے کے الزام میں اس کے والد اور چچا سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران دو خود کش جیکٹیں ، 6 کلو گرام بارودی مواد ،51 دستی بم ،7 ریموٹ کنٹرول ،ایک رائفل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ ڈی پی او کے مطابق قاری اکرام چند روز پہلے مڈی روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں مقامی سیاسی رہنما فقیر جمشید جاں بحق ہو گئے تھے۔