ڈی آئی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان سنٹرل جیل حملہ کی تفتیش کرنے والے سرکل آفیسر غازی مرجان کو ناقص کارکردگی پر معطل کر دیا،ایڈیشنل آئی جی مسعود آفریدی نے ایس پی انوسٹی ڈیرہ اسماعیل خان آصف خان کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان پر حملے کی تفتیش کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا مسعود آفریدی نے سنٹرل جیل کا دورہ کیا،تفتیشی ریکارڈ میں نقشہ موقع،ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹس،میڈیکو لیگل رپورٹس،پوسٹمارٹم کی رپورٹس موجود نہ ہونے پر ایڈیشنل آئی جی مسعود آفریدی نے اپنی رپورٹ میں تفتیشی افسر غازی مرجان سے تفتیش واپس لینے اور انہیں معطل کرنے کی سفارش کی۔
جس پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے غازی مرجان کو معطل کر کے سنٹرل جیل حملہ کے لیے انسپکٹر ابراہیم کو تفتیشی افسر مقرر کر دیا۔ایڈیشنل آئی جی مسعود آفریدی نے ایس پی انوسٹی گیشن آصف خان کی کارکردگی پر بھی عدم اطمیان ظاہر کیا تاہم چونکہ وہ اسی ماہ ریٹائر ہونے والے ہیں اس لیے ان کے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔