ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جیل توڑنے کے مرکزی منصوبہ ساز اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر حکمت اللہ عرف متی پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے اتوار کو بتایا کہ مبینہ دہشت گرد کی خفیہ اطلاع ملنے پر کولاچی علاقے میں آپریشن کیا گیا، جہاں حکمت اللہ نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مبینہ جنگجو کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
کولاچی پولیس کا دعوی ہے کہ حکمت اللہ ناصرف ڈیرہ اسماعیل خان میں جیل توڑنے کے واقعہ میں اہم کردار تھے بلکہ وہ کولاچی کے لونی علاقے میں متعدد حملوں میں بھی مطلوب تھے۔
مقدورذئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے حکمت اللہ روری کے رہائشی اور بعض ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کمانڈر عمران گنڈاپور کے قریبی ساتھی تھے۔
کولاچی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او ہارون خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ دہشت گرد ہوا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔