ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں 17/9/2016

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) وزیر مال خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ جاتی امراء نواز شریف کا گھر نہیں عوام کے اربوں روپے کے ٹیکس سے اس علاقے میں کام ہوئے پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کا مقصد حملہ نہیں بلکہ احتجاج ہے ۔ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے واپڈا خیبر پختونخواہ اور بل خصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں ہمارے کاموں میں روکاٹ ڈال رہاہے۔اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے اپنے حلقہ پی کے 64میں کام کا آغاز کردیا ہے ۔آئندہ الیکشن میں ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ اے این 24اور پی کے 64ڈیرہ سٹی سے الیکشن لڑونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ ”الاامین ہائوس” میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔ سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ وزیر زراعت خیبر پختونخواہ سردار اکرام خان گنڈہ پور نے پریس کانفرنس میں میرے حلقہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں سہولیات کے فقدان اور اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر احتجاج کیا جو کہ حیران کن بات ہے وزیر موصوف چالیس سال سے تحصیل کلاچی پر حکمران چلے آرہے ہیں افسوس کی بات ہے کہ وہ بلڈ پریشر کے ایک مریض کو کلاچی سے ڈیرہ شہر لائے پہلے تو ان کو بتانا چاہیے کہ وہ چالیس سال میں اپنے کلاچی ہسپتال کو سہولیات فراہم نہیں کرسکے جس کی وجہ سے ان کو اپنا مریض ڈیرہ ہسپتال لانا پڑا اس واقعہ کی انکوائری شروع ہوچکی ہے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کی طرف سے لوڈشیڈنگ کے دوران لائٹ نہ ہونے کے دوران ٹارچ پر سولہ آپریشن کرنے کے واقعہ کے بھی انکوائری ہورہی ہے ۔ ڈاکٹر موصوف نے سستی شہرت کے لئے جھوٹ بولا ہسپتا ل میں بجلی کے دو فیڈر ہیں۔ابتدائی انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ بجلی نہ ہونے کا دورانیہ آپریشن کے دوران صرف آٹھ منٹ تھا تو سولہ آپریشن کس طرح ممکن ہوئے اس کی انکوائری بھی آخری مراحل میں ہے ۔ حقائق جلد عوام کے سامنے آجائیں گے انہوں نے کہا کہ واپڈا کو خیبر پختونخواہ حکومت کے حوالے کیا جائے ۔ واپڈا ایک صوبے کا بجٹ چلاسکتا ہے ہائیڈرل کے سستے منصوبوں پر وفاقی حکومت کام نہیں کررہی جس کی بنیادی وجہ کمیشن ہے ۔ چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ کے لئے خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق کو 32ارب روپے دے دئیے ہیں اور بقایارقم بھی ادا کردی جائے گی ۔ لیکن وفاق نے اپنے حصے کی رقم نہیں دی نواز شریف نے ڈیرہ کے جلسہ میں چشمہ لفٹ کینال اور بنوں آئر پورٹ کو انٹر نیشنل آئر پورٹ بنانے سمیت دیگر منصوبوں کا اعلان کیا لیکن کسی پر عمل نہیں کیا اس کا مطلب نکلا کہ انہوں نے جھوٹ بولا ۔علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ ملک میں قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہیے ایک جرم میں ملک میں مختلف سزائیں ہیں میں نہیں کہتا کہ میں نے اپنے حلقے میں مکمل کام کرلیے ہیں ابھی میں نے اپنے حلقہ میں بنیادیں تعمیر کی ہیں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے گیلانی ٹائون ،دو کروڑ روپے کی لاگت سے طارق آباد ، توصیف آباد ، دو کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیوالہ اور دو کروڑ روپے کی لاگت سے شاہ عالم آباد میں نکاسی آب کے منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہیں ۔جس سے ان علاقوں میں کافی حد تک نکاسی کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیرہ شہر میں سینٹینشن کا مسئلہ حل کیا جارہا ہے ۔ نئے سکول تعمیر ہورہے ہیں بیوٹیفیکیشن پروگرام پر کام شروع ہے ان تمام کاموں کی مانٹرینگ میںخود کررہا ہوں ۔مریالی کے علاقہ میں نے بجلی کے چودہ ٹرانسفارمر دیے جن میں سے نو ٹرانسفارمر نئے تھے حالانکہ اس حلقے کے ایم پی اے نے کیاکام کئے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے الگ فیڈر کے لئے 25لاکھ روپے واپڈ ا کو جمع کرائے کہ اس فیڈر کے قیام سے ہسپتال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا لیکن تین چیف ایگزیکٹیو پیسکو تبدیل ہوگئے میں نے 22مرتبہ اس فیڈر کے قیام کے لئے واپڈا حکام سے رابطے کئے لیکن معاملہ حل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی قیادت میں خیبر پختونخواہ حکومت وفاق کی طرف سے ہائیڈرو اور چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ میں سست روی کے خلاف دھرنا دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایم ٹی آئی کے قیام کے بعد 80کروڑ روپے کے فنڈز سے ہسپتال میں جدید سہولیات فراہم کردی جائیں گی لوگوں کو 2018تک نشتر ہسپتال ملتان اور پشاور نہیں جانا پڑے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ٹائون پولیس نے جے یو آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری احمد خان کامرانی کی رپورٹ پر 30جولائی 2016کو چوک جامعہ الشیخ ظفر آباد پر ٹرانسفارمر کے تنازعے اوربجلی نہ ہونے پرٹائر جلا کر روڈ بلاک کرنے کا مقدمہ تحریک انصاف کے ضلع ممبر طاہر زمان استرانہ اور ویلیج کونسل ظفر آباد کے ڈپٹی ناظم عامر محسود ،فرید محسود ، وحید بیٹنی اور عارف مروت سمیت 60افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،پی ٹی آئی کے ذمہ داران اور کارکنان علاقے میں واپڈا کا غیر قانونی ٹرانسفارمر لگانا چاہتے تھے ۔ جن کو واپڈا کے اہلکاروں نے روکا تو جے یو آئی اور واپڈا کے خلاف پی ٹی آئی نے احتجاج کیا جو غیر قانونی تھا ‘احمد خان کامرانی ۔تفصیلات کے مطابق ٹائون پولیس نے جے یوآئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری احمد خان کامرانی کی انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخواہ ناصر خان درانی کو بجھوائی گئی درخواست پر ایف آئی آر کے اندراج کے حکم نامے کے بعد پی ٹی آئی کے ضلع ممبر طاہر زمان استرانہ ،ویلیج کونسل ظفرآباد کالونی کے ڈپٹی ناظم عامر محسود ، فرید محسود ، وحید بیٹنی اور عارف مروت سمیت 60افراد کے خلاف 4/3-188-341ppcکے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔احمد خان کامرانی نے 30جولائی 2016کو پی ٹی آئی کے ورکرز کی طرف سے ٹرانسفارمر کے مسئلہ پر روڈ بلاک کرنے کے خلاف آیف آئی آر کے لئے آئی جی پی کو درخواست بجھوائی احمد خان کامرانی نے میڈیا کو بتایا کہ 30جولائی 2016کو پی ٹی آئی کے طاہر زمان استرانہ سمیت 60ورکرز نے علاقے میں غیر قانونی ٹرانسفارمر لگانے کی کوشش کی جن کو واپڈا کے متعلقہ سپرٹینڈنٹ نے اس کام سے روکا جس پر انہوں نے ٹائر جلا کر جے یو آئی ،واپڈا اور میرے خلاف نعرہ بازی کی انہوں نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی اور جس سے اس وقت عوام الناس متاثر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ دعوی کیا جاتا ہے کہ خیبر پختونخواہ پولیس کو غیر سیاسی کردیا گیا ہے ۔ اگر جے یو آئی روڈ بلاک کرے تو ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی ہے اور اگر پی ٹی آئی روڈ بلاک کرے تو ایف آئی آر درج نہیںہوتی تو یہ دوہرا معیار کیوں جس پر آئی جی پی خیبر پختونخواہ نے ایکشن لے کر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ضلعی اسمبلی ہال ڈیرہ میں محکمہ مال ڈیرہ کے عملہ کا خصوصی مشاورتی اجلاس ڈپٹی کمشنر ڈیرہ معتصم بااللہ شاہ کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ مال کے تمام تحصیلدران قانون گو، گرداور،پٹواری شامل تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مشاورتی اجلاس ہورہا ہے ۔ ہمیں ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا ۔کے پی کے حکومت نے محکمہ مال کی اصلاح کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں جن میں عرصہ دراز سے پسماندہ نظام کو ختم کرکے کمپوٹرائزڈ سسٹم کیا جارہا ہے ۔ ایسے اجلاس وقتاًفوقتاً ہوں گے ان سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ عوام کو ریلیف ملے گا ۔ محکمہ مال کے ذمہ داران جن نامساعد حالات سے گزررہے ہیں ۔ ان حالات میں کام کرنا قابل تحیسن ہے محکمہ مال کے ذمہ دران کی مشکلات جاننے کیلئے گذشتہ روز تمام پٹوار خانوں کا دورہ کیا جس سے مجھے حالات کا اعادہ ہوا ۔ میری حد درجہ کوشش ہے کہ مسائل کو ختم کیا جائے ۔ ہم جس عہدہ پر فائز ہیں ہمیں اس سے عہدہ برا نہیں ہونے چاہیے ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ ہمیں محکمہ مال کے علاوہ آفت کاکام کرنا ہوگا اور محکمہ مال کے ذمہ داران سیلاب ہو ،آفت ہویا الیکشن ہو جو بھی ہنگامی صورت حال ہو کام کرتے ہیں۔ امن و امان ہمارے معاشرے کیلئے ازحد ضروری ہے ۔ محکمہ مال کو بدنام کیا گیا جن کی ذمہ داری چند کالی بھٹریں تھیں ۔ مگر حکومتی پالیسی نے ان کو ختم کردیا ہے ۔ اب محکمہ مال میں رشوت ستانی ختم کرادی ہے ایمرجنسی نمبرات دئیے گئے ہیں تاکہ کالی بھیڑوں کی حوصلہ شکنی ہو ۔پٹوار خانوں کے رجسٹر اپ ڈیٹ کریں ۔ محکمہ مال کے قوانین کا مشاہدہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)اراضی کے تنازعہ پر اسلحہ سے مسلح چار افراد نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جبکہ فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے ٹریکٹر کا ٹائر بھی پھٹ گیا ،مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں بڈھانی کے مقام پر میر زمان ، عقل خان سمیت چار مسلح افراد نے اراضی کے تنازعے پر عزیز اللہ وزیر ولد دلبر خان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔ملزمان کی فائرنگ سے موقع پر موجود ٹریکٹر کا ٹائر بھی پھٹ گیا ۔ملزمان واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے صدر پولیس نے عزیز اللہ کی رپورٹ پر چار افراد کے خلاف 324-427/34ppc کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)تحصیل میونسپل آفس کے قریب عوام کی سہولت کے لئے لگائی گئی واٹر سپلائی سکیم کی صفائی نہ ہونے سے بیماریاں پھیلنے لگیں ،اہل علاقہ کا پانی کے نلوں کی جگہ کی فوری صفائی کا مطالبہ ۔تفصیلات مطابق وزیر مال خیبر پختونخواہ سردار علی امین خان گنڈہ پور کے فنڈز سے ڈیرہ کے شہریوں کو پینے صاف پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ پبلک ہیلتھ نے ٹی ایم اے آفس سے ملحقہ اراضی پر واٹر سپلائی سکیم تعمیر کی اس واٹر سپلائی سکیم کے قیام کے بعد شہری بڑی تعداد میں پینے کے پانی کو بھرنے کیلئے یہاں آتے ہیں ۔کافی عرصہ سے ٹی ایم اے کی طرف سے پانی کے نلوں کے ساتھ بڑی تعداد میں گندگی پڑی ہے جس کو صاف نہیں کیا گیا ۔اہل علاقہ نے ٹی ایم او عمر خان کنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واٹر سپلائی سکیم کی مکمل صفائی کروائی جائے تاکہ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)ڈیرہ شہر کے علاقہ گڑی سدوزئی میں خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والے چار ملزمان کو لوگوں نے پکڑ کر سٹی پولیس کے حوالے کردیا ،مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے علاقہ گڑی سدوزئی میں شادی شدہ خاتون جارہی تھی کہ چار ملزمان نے اس سے پرس چھین لیا اور فرار ہونے لگے اس دوران لوگوں نے ان چاروں ملزمان کو پکڑ کر سٹی پولیس کے حوالے کردیا ۔ پرس میں پانچ ہزار روپے اور دیگر متفرق سامان موجود تھا سٹی پولیس نے گرفتار ملزمان سلیم ولد حسین بخش سکنہ محلہ جمعہ شاہ،فیاض حسین ولد اعجازسکنہ محلہ ڈاکٹر جلال حسین،رحمت اللہ ولد امان اللہ سکنہ محلہ قاضیا نوالہ اور تنویر ولد زبیر سکنہ چاہ پیپل والا کے خلاف 382-411ppc کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) خلفاء راشدین کے ایام شہادت پر تعطیل اہل پاکستان کا د یرینہ مطالبہ ہے ، حکومت پاکستان اس مطالبہ کو پورا کرے کیونکہ خلفاء راشدین نے جو نظام حکومت دیا وہ رہتی دنیا تک امن وامان کا ضامن ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ تنظیم اہل سنت والجماعت کا اجلاس جامع مسجد کلاں میں منعقد ہوا جس کی صدارت نائب صدر مولانا حافظ عبد القیوم نے کی ۔ اجلاس میں قاری امیر معاویہ ،قاری اسلم محمدی، حاجی بشیر توخیل سمیت کارکنان اہل سنت کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ حسب سابق امسال بھی تیسر ے خلیفہ راشد داماد پیغمبر شہید مظلوم ِ مدینہ حضرت عثمان غنی ذوالنورین رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر جلسہ کا ا ہتمام ہوگا جس کے مہمان خصوصی مقرر خوش الحان محافظ ناموس صحابہ حضرت علامہ مولانا عبدالکریم ندیم ہونگے ۔ جلسہ کی صدرات مفتی ڈیرہ حضرت مولانا احمد شعیب کریںگے ،علاوہ ازیں مقامی علماء کرام بھی خطاب کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خاں (بیورورپورٹ) خواجہ محمد زاہد ٹرسٹ نے سینکڑوں نادار لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ محمد زاہد ٹرسٹ نے امسال بھی اجتماعی قربانیوں کا بھر پور اہتمام کیا ۔ اس سلسلے میں عید کے دوسرے روزاجتماعی قربانیاں کی گئیں ، جن میں لوگوں نے اپنی قربانیاں ٹرسٹ انتظامیہ کے حوالے کیں اور ٹرسٹ نے ان کا گو شت مستحقین ، نادار لوگوں میں تقسیم کیا ۔ ٹرسٹ کے چیئرمین قاری امیر معاویہ نے کہا کہ ہم نے یہ سلسلہ کافی عرصہ سے شروع کیا ہوا ہے جس کا مقصد ان لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے جو لوگ سنت ابراہیمی ادا کرنے کے قابل نہیں ہوتے ۔ بہت سے لوگ اپنی قربانی کا حصہ ہمارے ساتھ ملاتے ہیں اور ہم پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے حصے کا گوشت نادار لوگوں میں تقسیم کراتے ہیں۔