راولپنڈی (جیوڈیسک) پوسٹ آفس ڈی آئی خان میں ڈکیتی کے دوران دو ملازمین کے قتل پرجی پی او راولپنڈی کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پوسٹل ملازمین کی یونین نوپ کے صدر راجہ یاسین نے کی، مظاہرے میں جی پی او یونین کے صدر راجہ افتحار، سیکرٹری جنرل راجہ محمد ندیم اورمحمد علی پاشا کے علاوہ ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جاں بحق ہونے والے ملازمین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، یونین کے رہنماؤں نے مطالبہ کیاکہ ملک بھر کے پوسٹ آفسز میں سکیورٹی گارڈ فراہم کیے جائیں اب تک درجنوں وارداتیں ہو چکی ہیں پوسٹل ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہیں، ڈی آئی خان پوسٹ آفس میں ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے ملازمین کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملازمین کو سکیورٹی فراہم نہ کی تو ملازمین ملک بھر میں احتجاج اور تمام پوسٹ آفسز کی تالا بندی کریں گے۔