منگولی (جیوڈیسک) ڈیرہ مراد جمالی میں منگولی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے اپ اینڈ ڈاون ٹریک پر ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی۔ صحبت پور میں واپڈا کے دو ٹاورز کو بارودی مواد سے اُڑا دیا گیا۔
دہشت گردوں نے پھر ریلوے ٹریک کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب منگولی کے مقام پر نا معلوم افراد نے ٹریک کو اُڑا دیا۔ دھماکے کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔ دھماکے کے باعث تین فٹ ٹریک کو نقصان پہنچا۔
ریلوے حکام نے فوری طور پر بلوچستان آنیوالی ٹرینوں کو ڈیرہ اللہ یار اور جیکب آباد کے ریلوے سٹیشنوں پر روک دیا۔ ٹریک کی مرمت کے لیے ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب جعفر آباد کے قریب صحبت پور میں نا معلوم افراد نے واپڈا کے دو ٹاور ز کو بارودی مواد سے اُڑا دیا جس سے علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ واپڈا حکام نے متاثرہ ٹاورز کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔