ڈیرہ مراد جمالی (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں گزشتہ روز غیرت کے نام پر ایک عورت اور مرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ڈیرہ اللہ یار کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں پر دل مراد نامی شخص نے اپنی بھابی اور محمد الطاف پر فائرنگ کردی جس سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ بعد میں دونوں کی لاشوں کو ڈیرہ اللہ یار کے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے اب تک اس سلسلے میں کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ اسی دوران ڈیرہ اللہ یار میں ہی پچاس برس کے ایک شخص کامل خان نے گھریلو جھگڑوں کے باعث خودکشی کر لی۔