صحرا ئے تھر: غذائی قلت اور بیماریوں سے اس سال 278 بچے ہلاک

Tharparkar

Tharparkar

تھرپارکر (جیوڈیسک) تھر کے صحرا میں غذائی قلت اور بیماریوں سے اس سال مرنے والے بچوں کی تعداد 278 ہو گئی ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران اب تک 316 بچوں کی بڑے شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیاہے۔

خشک سالی سے متاثرہ ضلع تھر پارکر میں غذائی قلت سے ہونے والی ہلاکتوں پہ اب تک قابو نہ پایا جا سکا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق اس ہفتہ کے دوران سول اسپتال مٹھی میں پانچ بچے دم توڑ چکے ہیں، جبکہ جنوری سے اب تک تھر پارکر میں مرنے والے بچوں کی تعداد 278 ہو چکی ہے۔

مرنے والے تمام بچوں کی عمر یں پانچ سال سے کم تھیں جبکہ زیادہ تر اموات نوزائیدہ بچوں کی ہوئیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سول اسپتال مٹھی سے حیدرآباد اور دیگر شہروں کو بہتر علاج کے لئے اس سال 316 بچے منتقل کئے جا چکے ہیں لیکن ان کی صحت کے بارے میں مزید کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل بھرگڑی کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات کی وجہ قبل از پیدائش اور وزن کی کمی ہے ، جبکہ متعدد بچے سینے کے امراض اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے بھی جاں بحق ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سال کے پہلے سات ماہ میں مرنے والے بچوں کی تعداد 243 تھی۔