نئی دلی (جیوڈیسک) نامزد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم نواز شریف آج دلی جائیں گے۔
برصغیر پاک و ہند کی سڑسٹھ برس کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی وزیر اعظم، بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم نواز شریف نامزد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر آج نئی دلی جائیں گے ، تقریب میں شرکت کیلئے سارک ممالک کے سربراہان کی دلی آمدکا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اور اس موقع پر دارالحکومت میں انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، نئی دلی کی رائے سینا ہل پر تعمیر کیے گئے بھارتی ایوان صدر کے قریبی علاقے کو فوجی قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے کمانڈوز اور اسنائپرز سمیت سات ہزار سیکیورٹی اہل کاروں کو ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔
نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں سارک ملکوں کے سربراہوں سمیت تین ہزار مہمان شرکت کریں گے،لیکن سب سے زیادہ اہمیت وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں جانے والے پاکستانی وفد کو دی جا رہی ہے،اگر چہ ون آن ون اس ملاقات کو علامتی ملاقات کہا جارہا ہے۔
لیکن امور خارجہ کے ماہرین کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف بھارتی ہم منصب نریندر مودی اور صدر پرناب مکھر جی سے ہونے والی الگ الگ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکراتی عمل کی بحالی اور مسائل کے حل پر زور دیں گے، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاک ،بھارت وزرائے اعظم آدھے گھنٹے کی ملاقات ابھی شاید ایک دوسرے کے دل کا حال جاننے اور برسوں سے جمی برف پگھلانے کا ایک موقع ہوسکتی ہے، لیکن یہ بیٹھک آئندہ کے تعلقات کی سمت متعین کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔