ہماری خواہش ہے آزادی مارچ اور انقلاب اکٹھا ہوجائے: شجاعت حسین

Shujaat Hussain

Shujaat Hussain

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہو سکی لیکن ان بیگناہوں کے خون ناحق کا مقدمہ اللہ کے حضور درج ہو چکا، حکمرانوں کو اللہ تعالیٰ کی عدالت میں پیش ہو کر جواب دینا ہو گا، ظلم کے بعد اب انقلاب کی باری ہے۔

وہ یہاں ادارہ منہاج القرآن میں فائرنگ سے شہید ہونیوالے صوفی محمد اقبال کے گھر پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے شہید کے بچوں کو دلاسہ دیا اور عیدی بھی دی۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہداء کے پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے ایک سوال پر کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آزادی مارچ اور انقلاب اکٹھا ہوجائے، ہم ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کو اکٹھے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کیا ہے لیکن آصف علی زرداری سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہو جائے۔