12 کراچی : سابق ٹائون ناظم گلبرگ و رہنما جماعت اسلامی فاروق نعمت اللہ نے کہا ہے کہ اہلیان کراچی 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں اور حقیقی تبدیلی کا آغاز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 19 نارتھ ناظم آباد میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونین کمیٹی 19 سے جماعت اسلامی کے امیدوار برائے چیئر مین شاہد بٹ اور وائس چیئرمین عبدالحکیم سمیت ناظم علاقہ عبدلاحد فریدی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ فاروق نعمت اللہ نے مزید کہا کہ کراچی مسائلستان بنا ہوا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولت میسر نہیں۔
پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، شہر میں ٹرانسپورٹ کی قلت کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے، اہلیان کراچی اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے اس شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ اس کی رونقیں اور اس کا تشخص بحال کریں گے۔ اس شہر کو ایسا شہر بنائیں گے جس کی تعمیر و ترقی کی مثال دی جاسکے۔ حقیقی تبدیلی کے لیے عوام کو 5 دسمبر کو دیانت دار اور امانت دار امیدواروں کا انتخاب کرنا ہوگا۔