کراچی : ایڈمنسٹریٹربلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کیلئے صحت مند ذہن کا ہونا بے حد ضروری ہے صحت مند ذہن کی تعمیر کیلئے ضروری ہے کہ صحت مند انہ سرگرمیوں کو فروغ دیکر عوام کو انکے گھر کے قریب تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس سلسلے میں بلدیہ کورنگی نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے عوام کوجائز تمام بنیادی مسائل کے حل کے لئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں ہماری اولین تر جیح ہے کہ ٹائون کو صاف ستھرا سر سبز و شاداب بنایا جائے اور ٹائون کی خوبصورتی میں اضافے اور یہاں بسنے والے لوگوں کی ذہنی و جسمانی آسودگی کیلئے چورنگیوں اور پارکوں کو سرسبز و شاداب بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ،لانڈھی کے دورے کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر مسرور میمن ، ڈائریکٹر ہیلتھ محمد رفیق شیخ ، رینجرز کے نوجوان، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس معین جت اور دیگر افسران بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹربلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزآنہ کی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کے امور انجام دیئے جائیں اور پودوں کی حفاظت کی جائے اور جو پودے کسی وجہ سے خراب ہوگئے ہو انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور چورنگی کے اطراف کی لائٹس کو روشن کیا جائے ایڈمنسٹریٹربلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے مزید کہا کہ انتظامیہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں عوام کو بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شب و روز کوشاں ہیں آج آپ بلدیہ کورنگی کو سرسبز وشاداب چمکتا دمکتا دیکھ رہے ہیں یہ عمدہ سوچ اور خدمت کے جذبے کے تحت ہی ممکن ہوا ہے۔