لاہور (سالار سلیمان) پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام نے معروف رئیل اسٹیٹ ڈویلپر اظہار منو ڈویلپرز کے ساتھ مل کرلبرٹی لاہور میں 2850 مربع میٹر پر ٠١ ہزار سے زائد درختوں کے ساتھ جنگل اگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کیا ہے۔ میاواکی ایک ایسی تکنیک کا نام ہے جس سے کم جگہ پر زیادہ درخت اور پودے تیزی سے اگائے جا سکتے ہیں۔
لبرٹی لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے ماحولیات و مشیر وزیراعظم پاکستان ملک امین اسلم، اظہار منو ڈویلپرز کے سی او او شیراز منو، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمد سید، وائس چیئر مین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، بانی ری اسٹوربلال چوہدری سمیت دیگر مہمانان موجود تھے۔
Opening
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیات و مشیر وزیراعظم پاکستان ملک امین اسلم نے کہا کہ زمین ڈاٹ کا م اور اظہار منو گروپ کے مشکور ہیں جنہوں نے اس نیک کام میں تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی دور میں لاہور کو باغات کا شہر کہا جاتا تھا، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔ اب یہ کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق ہم پاکستان کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ساتھ ہم مزید جنگلات بھی ملک بھر میں اگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کواللہ نے منفرد ماحولیاتی علاقوں سے نوازا ہے اور اس پر کام کرتے ہوئے سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 10بلین ٹری سونامی پر بھی کام کر رہے ہیں اور پنجاب بھر میں 20 کروڑ درخت لگائیں جائیں گے۔
زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح خاصی بڑھ چکی ہے، اس لئے ایسے اقدامات سے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس کار خیر میں زمین ڈاٹ کام جہاں تک ممکن ہو سکا اپنا تعاون برقرار رکھے گی۔
Opening
ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، یہ کسی ایک ملک یا کسی ایک خطے کا معاملہ نہیں ہے اور ہم سب کو مل کر اس پر قابوپانا ہوگا۔ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، لہذا وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے بہتر ماحول کو چھوڑیں۔اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کا سب سے آسان ذریعہ شجرکاری ہے۔