ترقیاتی فنڈز برابری کی بنیاد پر دیئے جائیں، ورنہ نہ دیئے جائیں: خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان کو کم فنڈز دینے کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو دو کروڑ اور حکومتی ارکان کو پانچ کروڑ ترقیاتی فنڈز دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر خواتین ارکان کے ساتھ ہیں اگر انہیں فنڈز نہ دیئے گئے تو وہ اپنے فنڈز بھی واپس کر دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے منور تالپور نے سوال اٹھایا کہ کیا میٹرو منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا لوہا اور سیمنٹ میاں منشا کا استعمال ہو رہا ہے؟ اس پر وزیر مملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ اتفاق فاؤنڈری نے سریا بنانا چھوڑ دیا۔

راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ دھرنوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بتایا کہ سندھ میں نجی اور پبلک صارف پیسے نہیں دیتے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ جہاں بلوں کی ادائیگی نہیں ہو گی بجلی نہیں دیں گے۔ ایوان میں قواعد میں ترمیم سے متعلق انسداد زنا بالجبر ترمیمی بل اور غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام کے قوانین کے ترمیمی بل پیش کئے گئے۔ اجلاس بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔