پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا ہے کہ ترقی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ دینا ضروری ہے اور اسکے صحیح استعمال سے غربت میں کمی معاشرے اور معیشت میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت سے مسائل سے چھٹکارہ پانے اورتیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے آئی ٹی کے استعمال پر زور دے،پالیسی ساز آئی ٹی کی اہمیت کوسمجھیں اورآنے والی حکومت آن لائن تعلیم کے سلسلے کو خصوصی توجہ دے۔
لاکھوں طلبا کی استعداد بہتر بنا کر انکا مستقبل سنورا جا سکے، ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا کہ کئی ممالک نے آئی ٹی کی مدد سے ترقی کی منزل تیزی سے طے کی اور اپنی عوام کی حالت بدل ڈالی۔
انھوں نے کہا کہ کاروباری خواتین کی اکثریت مارکیٹ تک رسائی نہیں رکھتی جو آئی ٹی کے استعمال سے نہ صرف نئی منڈیاں اور گاہک تلاش کر سکتی ہیں بلکہ دیگر مسائل پر بھی قابو پا سکتی ہیں،ڈاکٹر مغل نے کہا کہ آنے والی حکومت تمام امکانات کا جائزہ لے کر آئی ٹی کے زریعے عوام کی خدمت کرے تاکہ عوامی اعتما د کا حق ادا کیا جا سکے۔