ترقی کیلئے پاکستان میں جمہوری تسلسل ناگزیر

Pakistan

Pakistan

فیصل آ باد (جیوڈیسک) پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اگر ان قربانیوں کے بارے سنیں تو ہمارے رونگٹے کھڑے ہوجائیں۔ عمران خان ایک سیاسی پارٹی کے لیڈر ہیں ان کے مطالبہ میں وزن ہے جسے حل کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار مانچسٹر انگلینڈ کے بیرسٹر امجد محمود ملک چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائرز یوکے ولیگل ایڈوائزرپرائم منسٹر نوازشریف یوکے نے ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج اگر فلسطین کو دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے آج ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ہمیں پاکستان کی حفاظت قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے وکلاء سے کہا کہ آپ اس شعبہ زندگی سے تعلق رکھتے ہیں جس کے قائد محترم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا۔

پاکستان کی مشکلات کے حل کی ذمہ داری آپ پر بھی عائد ہوتی ہے، جب بھی ملک کو پٹڑی سے اتارا گیا وکلاء برادری نے ہمیشہ ملک کو دوبارہ جمہوری پٹڑی پر چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی پارٹی کے قائد اور ان کے مطالبہ میں وزن ہے، میرے خیال میں ان کی شنوائی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے فورم ہیں جہاں دونوں پارٹیاں اپنا مؤقف بیان کرسکتی ہیں۔ میرے خیال میں جمہوری تسلسل چلنا چاہئے اسی میں پاکستا ن کی ترقی کا راز مضمر ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر تنویرالرحمن رندھاوا، سیکرٹری اعجاز احمد واہلہ اور وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔