کراچی: صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی فیاض علی بٹ نے محکمے کے چیف انجینئر’ انجینئرز اور دیگر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پی سی ون اسکیموں کو وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ نئے منصوبے اور اسکیمیں شروع کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج محکمہ کے افسران سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری PHE تمیز الدین کھیڑو اور چیف انجینئرز’حیدر آبادو سکھر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیرفیاض علی بٹ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے واضح ہدایت ہے کہ بغیر کسی کوتاہی اور عمدہ ٹیم ورک کے ذریعے ان کاموں کو جو التواء کا شکار ہیں۔جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ سندھ کے تمام دیہی علاقوں کو زندگی کی ہر سہولت ان کے دروازے تک پہنچانے کے لئے محنت’ایماندار ی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔موجودہ سندھ حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو ‘شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ‘شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت دیہی علاقوں میں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے محکمہ کے تمام ملازمین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر نا پہنچنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔اس سلسلے میںمحکمے کی میٹنگ جمعرات11اگست کو سیکریٹریPHE آفس میں شیڈول ہے۔ تمام افسران اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔