مظفرآباد( جیوڈیسک) وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزا دجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اور ہاسٹل کی نئی عمارت کی تعمیر فوری شروع کردی جائے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے آزاد خطہ میں معاشی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، وزیراعظم پاکستان جلد آزاد کشمیر کا دورہ کرینگے متاثرین منگلا ڈیم، متاثرین زلزلہ کے مسائل کے حل کیلئے فوری پیش رفت کی جائیگی، قوم پاک فوج کی پشت پرہے ، ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
جمعہ کو یہاں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق اورممبر اسمبلی سردار عابد حسین عابد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں اسمبلی اور ہاسٹل کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے بھی ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے گزشتہ روز وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر اور خواجہ آصف کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے سمیت دیگر امور پر اتفاق رائے ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی شاندار پارلیمانی تاریخ ہے مفاہمت، برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا، یہ سفر جاری رہے گا۔