ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کیلئے استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا

گجرات : صوبائی وزیر ہائوسنگ و کمیونیکشن اینڈ ورکس ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کیلئے استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، انہوںنے کہا کہ سرکاری افسران اور منتخب نمائندوں کے درمیان کوارڈی نیشن کو فروغ دیا جائے۔

نئے پراجیکٹس عوامی نمائندوں کی مشاورت سے تیار کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی سی او آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ڈی پی او رائے اعجاز احمد ، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی احمد رضا ، ایم پی ایزمیاں طارق محمود ، میجر(ر) معین نواز، حاجی عمران ظفر ، چوہدری اشرف دیونہ ، نوابزادہ حیدر مہدی ،سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود، اسسٹنٹ کمشنر افشاں رباب ، ای ڈی اوز چوہدری محمد اصغر ، چوہدری محمد نواز ،ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، ایم ایس عزیز بھٹی ڈاکٹر طاہر نوید ، علی نواز خان، پی ایس او ندیم بٹ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام سرکاری افسران اپنی ذمہ داریاںاحسن طریقہ سے سرانجام دیں ، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سراہا جائیگا ، تا ہم ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی ، انہوںنے ہدایت کی کہ گجرات میں اربن واٹر سپلائی کی میگا پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کی جائے ، اس منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بننے والے ٹھیکیدار کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ، انہوںنے کہا کہ لالہ موسیٰ میںسیوریج سکیم ، کوٹلہ ارب علی خاں ، ڈنگہ گجرات اور دیگر علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں پر بھی کام مقرر وقت میں مکمل کیا جائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ لالہ موسیٰ کے جو علاقے یہاں جاری سیوریج سکیم کا حصہ نہیں ان کا اضافی منصوبہ بنا کر منظوری کیلئے بھجوایا جائے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ نہایت اہم ہے۔

ضلع گجرات کیلئے منظور شدہ دس سڑکوںکی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں ، انہوں نے ڈی او روڈز کو ہدایت کی کہ ضلع گجرات کیلئے شاہرات کے چار بڑے منصوبہ جات کو مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ان منصوبہ جات میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ، تا کہ عوام اس سے دیر تک مستفید ہو سکے ، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دریائے چناب کے کنارے 92ایکٹر رقبہ پر پارک بنانے کی منظوری دے دی ہے ، پارکنگ پلازہ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے ، جلالپور جٹاں میں منی اسٹیڈیم کیلئے زمین حاصل کر لی گئی ہے ، جبکہ جی ٹی روڈ کی بیوٹی فیکشن کے منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے ، ڈی او روڈز نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں سڑکوں کے چار بڑے منصوبوں میں سے ایک مکمل کر لیا گیا ہے ، دوسرا اختتامی مراحل میں ہے ، جبکہ باقی دو منصوبے بھی رواں مالی سال کے دوران مکمل کرلیے جائیں گے ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ اور دیگرافسران نے بھی صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے بریفنگ دی۔