لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے تیز رفتار ترقی کا آغاز کر دیا ہے ـآئندہ چار برسوں میں ترقی میں خطے کے ممالک سے آگے نکل جائیں گےـ وزیر اعظم نواز شریف نے جس طرح ایٹمی دھماکوں اور عدلیہ بحالی لانگ مارچ کے موقع پر ہر قسم کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا تھا وہ آج بھی اسی جذبے سے قوم کی قیادت کر رہے ہیں۔
ـ قوم کو سبزباغ دکھانے کی بجائے صرف کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں ـ موجودہ ملکی حالات میں قوم سے سیاست کرنیو الے ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں ـ انہوںنے ان خیالات کا اظہار آج ایوان اقبال میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ”یوم تکبیر ”کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ تقریب سے ایم این اے محمد پرویز ملک ، ناصر سعید ، محمد علی میاں اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیاـمیڈیا ورلڈلائن کے مطابق اس موقع پر 1998ء میں پاکستان کی طرف سے کئے گئے ایٹمی دھماکوں کی یاد میں چاغی کے پہاڑوں کے ماڈل پر مبنی کیک بھی کاٹا گیاـ صوبے بھر سے آئے ہوئے کارکنوں کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھیـ حمزہ شہباز شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 1998ء میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پوری دنیا بالخصوص امریکہ کی طرف سے آنے والے دباؤ اور لالچ کو یکسر مسترد کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا تھاـانہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اقتدار کی بجائے ترقی اور کارکردگی کو فوکس کئے ہوئے ہیں جس کی ایک مثال نندی پور پاور پراجیکٹ ہے ـ سابق حکومت نے کمیشن نہ ملنے پر یہ منصوبہ مٹی میں ملا دیا لیکن وزیر اعلی شہباز شریف نے ردی کی ٹوکری میں پھینکا ہوا یہ منصوبہ نکال کرچین کے تعاون سے قابل عمل بنا دیا اور اب اسی ماہ اس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا جو منصوبہ بنایا ہے وہ چین کا وزیر اعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے ـ انہوںنے کہا کہ دریائے سندھ پر مجوزہ دیا میر بھاشا ڈیم پراجیکٹ قوم کیلئے ایسا تحفہ ہو گا جس سے ہماری آنے والی نسلیں سکھ اور چین کی زندگی گزار سکیں گیـ حکومت نے اس ڈیم کے لئے 33 ارب روپے کا فنڈز مخصوص کر دیا ہے ـ انہوںنے کہا کہ ایک سال میں ہماری حکومت نے ملک میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں لیکن کوئی شخص ہمارے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتا کیونکہ ہمارے بڑوں نے ہمیں ہمیشہ رزق حلال پر یقین رکھنے کی تربیت دی ہے ـحمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بعض لوگوں کو میٹروبس سروس کی بڑی تکلیف ہے اور اس پر تنقید کرتے ہیں ، ایسے لوگوں کو اب لاہور میں تاریخی میٹروٹرین سروس بھی دیکھنا پڑے گی ـ ایک ارب 60 کروڑ روپے کا یہ منصوبہ چین کے تعاون سے 27 ماہ میں مکمل ہو جائے گا ـ انہوںنے کہا کہ عمران خان جلسوں میں دھاندلی کا شور مچا کر عوام کا وقت ضائع کر رہے ہیں کیونکہ وہ جس صوبے میں دھاندلی کا وایلا کرتے ہیں وہاں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے تیس امیدواروں کی الیکشن میں ضمانتیں تک ضبط ہو گئیں جبکہ 173 حلقوں میں تحریک انصاف کو کھڑا کرنے کے لئے امیدوار ہی نہیں ملے تھےـ عمران خان کو پنجاب کے ساتھ خیبر پختونخواہ میں بھی دھاندلی ڈھونڈنی چاہیے ـحمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کچھ سیاسی یتیموں کو بھی اب اپنی سیاست اور فوج کے ساتھ پیار یاد آرہا ہے ـ انہوںنے کہا کہ ہمیں بھی فوج سے بہت پیار ہے کیونکہ فوج کے بہادرجوان اپنی جانیں مادر وطن پر قربان کر کے ملک کے تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں ـ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں ان کا دل کہتا ہے کہ آخری فتح پاکستانی عوام کے حصے میں ہی آئے گیـ