گجرات(جیوڈیسک)مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ نواز شریف بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں،اپنے جلسوں میں وہ جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں انہیں زیب نہیں دیتی۔گجرات کے ظہور الہی چوک پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے ن لیگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی تمام ترقیاتی اسکیمیں فیل ہوچکی ہیں،سستی روٹی ، پیلی ٹیکسی، جنگلا بس اور لیپ ٹاپ دینے کے بجائے اگر سارا پیسہ انرجی پر خرچ کیا جاتا تو بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجاتی۔ انہوں نے ملک کا سارا پیسہ تندور میں پھینک دیا، اگر سارا پیسا انرجی پر خرچ ہوتا تو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہوسکتا تھا۔
لیہ جیسا شہر جہاں رکشے میں آدھا گھنٹہ میں سفر پورا ہوجائے وہاں میاں شہباز شریف نے پیلی ٹیکسی چلادی۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف نے گجرات کے لئے کچھ نہیں کیا۔ مسلم لیگ ق نے اصلی ڈگری بنانے والی گجرات یونی ورسٹی دی لیکن گجرات میں جعلی ڈگری والے پھرتے رہے۔
چوہدری پرویز الہی نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہا کہ نواز شریف بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ اپنے جلسوں میں وہ جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں انہیں زیب نہیں دیتی ،چوہدری پرویز الہی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوان خود فیصلہ کریں کہ انہیں کس کو ووٹ دینا ہے۔مسلم لیگ ق کے دور میں پہلے میٹرک تک تعلیم مفت کی گئی تھی، اس بار کامیابی ملی تو بی اے تک تعلیم مفت کردیں گے۔