لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقی کے سفر کے خلاف کوئی دھرنا یا احتجاج کامیاب نہیں ہوسکتا۔ 7 ماہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ بن سکتا ہے تو 4 برسوں میں اندھیرے بھی ختم ہوسکتے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا منصوبہ جدید ٹیکنالوجی سے جرائم کی روک تھام میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صحافیوں ، کالم نگاروں اور دانشوروں کے وفدسے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی لاہور موٹروے کے لیے 55 ارب جبکہ داسو اور دیا میر بھاشا ڈیم کیلیے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
ان منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کردیا جائیگا۔ بعد میں نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ایک اجلاس میں بریفنگ دی، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے خصوصی شرکت کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے، انہوں نے بتایاکہ ساہیوال میں جدید ترین ہائی سیکیورٹی جیل تعمیر کی جا رہی ہے۔