اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کو برطانیہ کے ترقیاتی ادارے ڈی ایف آئی ڈی ٹرسٹ فنڈ پر عملدرآمد کو جاری رکھنے کی تجویز دے دی ہے۔ ’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو لیٹر لکھا گیا ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری عمر حامد خان کے نام لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک ڈی ایف آئی ڈی ٹرسٹ فنڈ پر عملدرآمد کو جاری رکھنے کے لیے ڈی ایف آئی ڈی کے جائزہ مشن کے دورہ پاکستان کا شیڈول بھجوا رہا ہے اور اس مشن کے ساتھ مذاکرات کرکے مذکورہ فنڈ کے تحت جاری پروگرامز پر عملدرآمد کیا جائے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ مذکورہ مشن 11 مئی سے 22 مئی 2015 تک کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا، مشن دورے کے دوران سندھ میں ڈی سینٹرلائزیشن آف ٹیکس کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کرانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریگا، اس کے علاوہ ڈی ایف آئی ڈی کا مشن پاکستان میں وفاق کے علاوہ صوبائی ٹیکس اتھارٹیز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
دستاویز میں بتایا گیاکہ اس حوالے سے ڈی ایف آئی ڈی مشن پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکام پر مشتمل ٹیم کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کرے گا اور ڈی ایف آئی ڈی ٹرسٹ فنڈ کے تحت پاکستان کو پروگرامز کیلیے فنڈز فراہم کرے گا جس کے تحت ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور آئی ٹی سسٹم میں بہتری لانے سمیت دیگر منصوبے شروع کیے جائیں گے۔