ڈیرہ غازی خان : چھوٹو گینگ سے 8 پولیس اہلکار بازیاب

Dera Ghazi Khan

Dera Ghazi Khan

ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر چٹھہ آخر کار مان ہی گئے کہ چھوٹو گینگ سے 8 پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا ہے، ان کا کہنا ہیکہ پولیس کو ملزموں کے خلاف آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن میں ناکامی کے بعد پولیس آخر کار مجبور ہو گئی اور پھر ہوا وہی جس کا چھوٹو نے فرمان جاری کیا۔ ڈاکوں کے چار مطالبات تسلیم کر لئے گئے اور ہمیشہ کی طرح انہیں محفوظ راستہ بھی فراہم کر دیا گیا۔

جس کے بدلے میں آٹھ پولیس اہلکاروں کی رہائی ممکن ہوئی۔ لیکن پولیس مغوی اہلکاروں کی رہائی کو ماننے کو تیار نہ ہوئی۔ ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر چٹھہ کہتے رہے کہ مغوی اہلکار ڈاکوں کی تحویل میں ہیں۔ پہلے ناں لیکن پھر ہاں، آخر کار ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر چٹھہ مان ہی گئے کہ چھوٹو گینگ سے 8 پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا ہے لیکن پولیس کو ملزموں کے خلاف آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں ملزموں نے بہت سی پناہ گاہیں بنائی ہوئی ہیں جن میں سے زیادہ تر ٹھکانے پولیس نے ڈھونڈ لئے ہیں اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکو دریا میں کشتی کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور پولیس ان کے تعاقب میں ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں 3 سے زائد ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں۔