ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) ڈی جی خان ڈیرہ غازی خان میں 22 سالہ نوجوان کی ناک اور ہونٹ کاٹ دیئے گئے ہیں، ملزمان کو شبہ تھا کہ ناصر شاہ نے ان کی لڑکی کو گھر سے فرار کرانے میں مدد فراہم کی تھی۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ پائیگاں میں 22 سالہ ناصر شاہ کو گزشتہ رات اس کے گھر کے قریب سے 3 ملزمان عنایت اللہ، گوہر اور صالح محمد اغوا کرکے ایک خالی مکان میں لے گئے جہاں اس پر تشدد کیا اور ناک اور ہونٹ کاٹ دیئے۔
ملزمان کو شبہ تھا کہ عنایت اللہ کی بیٹی کو گھر سے فرار کرانے میں ناصر شاہ اور اس کے والد اعجاز شاہ نے مدد فراہم کی تھی، ملزم عنایت اللہ کی بیٹی نے ڈیڑھ ماہ قبل مختیار نامی لڑکے کے ساتھ گھر سے فرار ہو کر پسند کی شادی کی تھی۔ متاثرہ نوجوان کی بہن کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کچھ نہیں کررہی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلئے تلاش شروع کر دی ہے۔