ڈی جی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں چھوٹو گینگ کی واپسی سے وارداتوں میں اضافہ ہو گیا، اہل علاقہ میں خوف و ہراس،آئی جی پنجاب نے گینگ کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو گرین سگنل دے دیا۔ پولیس ڈیرہ غازی خان میں مذہبی فسادات کو روکنے میں مصروف تھی کہ چھوٹو گینگ پھر سے وارادتوں میں سرگرم ہو گیا۔
غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے گینگ کی واپسی سے ڈیرہ غازیخان اور راجن پور میں ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ چھوٹو گینگ نے گزشتہ ماہ روجھان کے علاقے شاہوالی چوکی پر حملہ کے بعد پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے کراچی لے گئے تھے۔ چھوٹو گینگ کے خلاف 22 دن جاری رہنے والا پولیس آپریشن ناکام رہا تھا۔
اب اسی گینگ کی واپسی کے ساتھ پٹ گینگ اور پہلوان گینگ بھی سنگین وارداتیں کر رہے ہیں جس سے اہل علاقہ میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے گینگ کے خلاف کارروائی کے لئے پولیس کو گرین سگنل دیدیا ہے۔پولیس نے چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں کی ریکی کر لی ہے اور بکتر بند گاڑیاں، اسلحہ ،نفری الرٹ کر دی ہے۔