Ch Qamar Iqbal Meeting with Nadra DG Zulfiqar Ahmad
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسلام آباد ریجن نادرا نے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی درخواست پر نادرا دفاتر گجرات و کھاریاں سے رجوع کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیح دینے کے احکامات جاری کردیے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، نے گذشتہ روز اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل نادرا اسلام آباد ریجن ذوالفقار احمد سے دارالحکومت میں ان کے دفتر واقع نادرا ریجنل ہیڈ ہیڈکوارٹر جی۔۱۰ میں ملاقات کی۔
نادرا ریجن اسلام آباد میں ضلع اٹک سے ضلع گجرات تک کے نادرا دفاتر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشیر اور شمالی علاقہ جات گلگت اور بلتستان کے نادرا دفاتر بھی اسی نادرا ریجن ہیڈکوارٹر کے زیرانتظام ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے ڈی جی نادرا کو بتایاکہ چونکہ سمندر پار پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق تحصیل کھاریاں اور ضلع گجرات سے ہے اور ان دونوں علاقہ جات میں نادرا کے دفاتر میں بعض اوقات رش کے باعث انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ پاکستانی ہمیشہ پاکستان میں ہرقسم کی مدد اور معاونت کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ان کے ساتھ نادرا سمیت دیگر محکموں کا رویہ مثبت رہے اور ان کے مسائل کوترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈی جی نادرا ذوالفقار احمد نے فوری طور پر احکامات جاری کئے کہ نادرا کے ضلع گجرات بشمول تحصیل کھاریاں میں دفاتر میں اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیح دی جائے۔
ملاقات کے دوران ڈی جی ویجیلنس نادرا ہیڈکوارٹر کرنل ریٹائرڈ عدنان حفیظ، پاکستانی ریسرچر و صحافی سید سبطین شاہ، سینئرصحافی ارشد رضا اور ممتاز کاروباری شخصیت میر ناصر بھی موجود تھے۔
چوہدری قمراقبال نے ڈنگہ تحصیل کھاریاں کے علاقائی دفتر میں خواتین کے بیٹھنے کے لیے الگ انتظامات کی بھی گزارش کی جس پر ڈی جی نادرا نے کہاکہ اس شکایت کا ازالہ کرنے کے بھی متعلقہ حکام کو جلد ہدایت جاری کی جائے گی۔
اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے نادرا سے متعلق دیگر مسائل کی بھی نشاندہی کی گئی جس پر نادرا حکام نے چوہدری قمراقبال کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو نادرا کی متعلقہ سیکشنوں تک پہنچادیا جائے گا۔