لاہور (جیوڈیسک) احتساب عدالت میں نیب حکام نے دونوں ملزمان کو پیش کر کے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم حماد ارشد اور بریگیڈیئر خالد نذیر بٹ نے ڈی ایچ اے اراضی اسکینڈل میں 16 ارب روپے کی کرپشن کی۔
ملزمان نے شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین سمیت 26 ہزار شہریوں کے ساتھ فراڈ کیا۔ ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی مزید توسیع کی جائے۔
ملزمان کے وکلاء نے بتایا کہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لہٰذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کی جائے۔
عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو 14 روز کے لئے جوڈیشنل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بجھوا دیا۔