تیسرا بنگلہ دیشی کوچ وقت سے قبل ’’کوچ‘‘ کر گیا

Bangladesh

Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) تیسرا بنگلہ دیشی کوچ وقت سے قبل ’’کوچ‘‘ کر گیا، بورڈ نے شین جرجینسین کو فوری طور پر کنٹریکٹ سے آزاد کر دیا۔ ان کی جون تک ٹیم کے ساتھ رہنے کی پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں نئے کوچ کا تقرر کر دیا جائیگا، مناسب آفیشل نہ مل سکا تو بھارت سے ہوم سیریز میں مقامی شخص سے ہی کام چلالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جرجینسین نے گذشتہ ماہ کوچ کی ذمہ داری سے استعفیٰ دیا تاہم ساتھ ہی پیشکش کی کہ وہ جون میں بھارت سے ہوم سیریز تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں، گذشتہ روز بورڈ میٹنگ سے قبل بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے ان سے ملاقات کی، اس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں جرجینسین نے کہا کہ میں نے نظم کو بتا دیا کہ جون تک کام کرنے کو تیار ہوں لیکن اگر وہ چاہیں تو فوری طور پر بھی معاہدے سے آزاد کر سکتے ہیں، میٹنگ میں بورڈ نے اس کی تصدیق کر دی۔

بعد ازاں بی سی بی صدر نے کہاکہ ملاقات میں خود جرجینسین نے کہا کہ انھیں کنٹریکٹ سے آزاد کردنا ٹیم کے مفاد میں بہترہوگا، ہم نے نئے کوچ کی تلاش کیلیے محبوب الانعام، جلال یونس، اکرم خان، نعیم الرحمان اور خالد محمود پر مشتمل کمیٹی قائم کردی، 5 سے 6 کوچز سے مختلف ذمہ داریوں کیلیے بات چیت ہورہی ہے، مگر انکے نام نہیں لے سکتے کیونکہ وہ ابھی دیگر ٹیموں کیساتھ مصروف ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر ایک ماہ میں کوچ نہیں ملا تو بھارت سے سیریز کیلیے مقامی کوچ کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں، البتہ چونکہ ورلڈ کپ آنے والا ہے اس لیے اتنی بڑی ذمہ داری مقامی شخص کو نہیں سونپ سکتے۔

یاد رہے کہ 2012 کے بعدکنٹریکٹ مکمل کیے بغیر بنگلہ دیش کی کوچنگ چھوڑنے والے جرجینسین تیسرے شخص ہیں، ان سے قبل اسٹورٹ لا اور رچرڈ پائی بس بھی وقت سے قبل واپس جا چکے ہیں۔