ڈھاکا میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر کے گھر چھاپا

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) بنگلا دیش میں سونے اور کرنسی اسمگلنگ کے الزامات پرپی آئی اے کے کنٹری مینجر کے گھر اور طیارے پر چھاپا مارا گیا ہے۔ ائرلائن ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی حکام نے ڈھاکہ میں تعینات پی آئی اے کے کنٹری مینجر علی عباس کے گھر پر 3 روز قبل چھاپہ مارا۔

حکام نے سونا اور کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگاکر کئی گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی، اس دوران اہلخانہ کو ہراساں بھی کیا گیا۔

بنگلہ دیشی حکام کے رویہ کے پیش نظر ڈھاکہ میں تعینات پی آئی اے کے کنٹری منیجر علی عباس اہلخانہ سمیت پاکستان واپس آگئے ہیں ۔بنگلہ دیشی حکام نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ بدھ کو کراچی سے ڈھاکہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پر بھی چھاپہ مارا اور ڈھائی گھنٹے تک طیارے کی تلاشی لی۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق بنگلہ دیشی حکام کے روئیے کے پیش نظرآج کراچی سے ڈھاکہ کی پرواز پی کے 266 منسوخ کردی گئی ہے۔

پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں پیش آنے والے واقعات کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے وزارت خارجہ اور ڈھاکہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔

ادھر پاکستان وزارت خارجہ کی ترجمان نے پی آئی اے کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بارے میں بنگلہ دیش وزارت خارجہ کے ردعمل کا انتظار ہے۔