ڈھڈیال پولیس با اثر ملزمان کے سامنے بھیگی بلی بن گئی، زیرحراست ملزمان گرفتاری کے باوجود شہر کے ہوٹل میں بیٹھ کر مرغ مسلم اڑاتے رہے

چکوال : ڈھڈیال پولیس با اثر ملزمان کے سامنے بھیگی بلی بن گئی، زیرحراست ملزمان گرفتاری کے باوجود شہر کے ہوٹل میں بیٹھ کر مرغ مسلم اڑاتے رہے، پرتکلف نائو نوش میں تفتیشی افسر اور پولیس اہلکار بھی پیچھے نہ رہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ ڈھڈیال کے علاقہ موضع ہڈالہ داخلی مونا میر وال میں سو سالہ قدیمی راستہ پر قبضہ کے مشہور مقدمہ میں ملوث دو بڑے ملزمان کو ضمانت منسوخ ہونے پرتھانہ ڈھڈیال کے مذکورہ مقدمہ کے تفتیشی افسر اے ایس آئی راجہ مظہر حسین نے کمرہ عدالت سے گرفتار کیا۔

لیکن بعد ازاں ملزمان کی جانب سے دکھائی جانے والی ” چمک” سے تفتیشی افسر کی آنکھیں چندھیا گئیں اور اس نے ملزمان کو لگائی گئی ہتھکڑیاں کھول ڈالیں اور شہر کے ایک معروف ہوٹل میں ملزمان کے ساتھ خود بھی مرغ کڑاہیاں اڑاتا رہا، مقدمہ کے مدعیان نے ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک ملزمان کو گرفتاری کے باوجود ان کی ہتھکڑیاں کھولنے اور کھلے عام ہوٹلوں پر بیٹھ کر دعوتیں اڑانے والے پولیس تفتیشی افسر سے فراہمی انصاف کی کوئی توقع نہ ہے، مقدمہ کے تفتیشی افسر کو تبدیل کیا جائے اور ملزمان کے خلاف ضابطے کی بھرپور کاروائی کی جائے۔