ڈی آئی خان (جیوڈیسک) بنوں چورنگی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بنوں چورنگی کے قریب 2 پولیس اہلکار عمران اور فیصل موٹر سائیکل پر گشت کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عمران موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ فیصل کو طبی امداد کے بعد علاج کے لئے ملتان منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ بھی دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اندرون شہر میں درگاہ کے ایک متولی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب کہ اس سے ایک روز قبل بھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ وہی گروپ ہے جو آپریشن کے باعث بھاگ گیا تھا اور اب اس کے چند گنے چنے لوگ واپس آکر کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن سرچ آپریشن شروع کر کے چند گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا چکی ہیں۔