اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہاہےکہ بعض سیاسی عناصر کی جانب سے قومی ائیرلائن کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قابل افسوس ہے، ہرکسی کو ہرحال میں ملکی مفاد کو پیش نظر رکھنا چاہئے۔
وزیراعظم نوازشریف کا اپنی زیرصدارت اجلاس میں مزید کہنا تھا کہ بلاجواز ہڑتالیوں سے مذاکرات کی بجائےپی آئی اے کی بہتری کیلئے اقدامات کریں گے، سیکرٹری ایوی ایشن تحقیقات کریں کہ پی آئی اے میں ہڑتال اس نہج پر کیوں پہنچی؟
پی آئی اے کی صورت حال پرجائزہ اجلاس میں وزیرخزانہ اورداخلہ کےوزراء کےعلاوہ پرائیوٹائزیشن کمیشن کےچیئرمین، مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اوردیگرحکام شریک ہوئے۔
ذرئع کےمطابق وزیراعظم کاکہناتھاکہ پی آئی اے کا آپریشن جزوی طور پر بحال ہوچکا،ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بحال کرنےوالے قابل تحسین ہیں، بعض یونین عہدیداروں نے ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نوازشریف نےکہاکہ کسی دباؤ میں آنے یا بلاجواز ہڑتالیوں سے مذاکرات کی بجائےپی آئی اے کی بہتری کیلئے قومی مفاد میں اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے،نئی مجوزہ ائیر لائن سے متعلق امورکاجائزہ بھی لیاگیا۔