اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید بارشوں سے شاہراہ قراقرم بند ہونے سے سیکڑوں مسافر بسیں اور گاڑیاں پھنس گئیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 سے 4 روز میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کردی۔
ضلع دیامر میں بارش اور برف بار ی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کاسامنا ہے۔ لینڈ سلا ئیڈنگ سے شاہ راہ قراقرم کیرواورپانی باغ کے مقام بند ہوگئی، جس کی وجہ سے کئی مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔
غذر اور استورمیں برف باری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔ آزاد کشمیر میں رات شروع ہونے والی برف باری رک گئی ہے۔ چترال شہر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہونے سے سردی بڑھ گئی ہے۔ ایبٹ آباد میں آج صبح سے ہی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھربٹگرام میں بھی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تحصیل آلائی سمیت بالائی علاقوں کی تمام رابط سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
دو دن سے مسلسل بارش کے باعث نو کچے مکانات گر گئے۔پاراچنار سمیت ایجنسی بھرمیں بارشوں اورژالہ باری کے نئے سلسلے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ، سردی کی شدت بڑھ جانیسے جلانے کی لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں سردی میں کمی ہوگئی ہے۔