اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم اور پی پی رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آمر کو جھوٹے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر بیرون ملک بھیج دیا گیا ، ہم نے ملک چھوڑکر کہاں جانا ہے ہمارا تو بیرون ملک کچھ بھی نہیں۔
نادانستہ طور پر کہیں وزیراعظم اپنے لیے تو مشکلات کھڑی نہیں کر رہے؟، اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہم تو ملک کے لیے قربانیاں دینے والے لوگ ہیں ، عدالتوں میں موجود کیسز کا سامنا کر رہے ہیں ، ہم ملک چھوڑ کر کہاں جائیں گے ہمارا تو بیرون ملک کچھ بھی نہیں ، آمر کو جھوٹا میڈیکل سرٹیفکیٹ دے کر بیرون ملک بھیج دیا گیا۔
الزام لگنے پر وزیر اعظم نے یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ مانگا ، دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ، آج نواز شریف کو اپنے مشوروں پر خود غور کرنا چاہیے ۔ وزیر اعظم صاحب کل ای سی ایل میں آپ کا نام بھی ڈالا جا سکتا ہے ، راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ نادانستہ طور پر کہیں وزیر اعظم اپنے لیے تو مشکلات کھڑی نہیں کر رہے؟سیاسی لوگوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے پریشان کیا جا رہا ہے ۔ ان لوگوں میں شامل ہوں جنہوں نے جان قربان کی مگر ملک سے باہر نہیں گئے۔