اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے معاملے پر حکومت اور فوج میں اختلافات کی افواہیں ان لوگوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں جو آمریت کے دور میں پلتے رہے اور اب بے روزگار ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ 8 ماہ قبل ہر روز بری خبر آتی تھیں لیکن اب ملک میں لوگوں کو اچھی خبریں سننے کو ملتی ہیں، دہشت گردی کے واقعات اب روزانہ نہیں ہوتے اور آج پاکستان پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر اداروں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی پاک فوج سمیت تمام ادارے آئینی حدود میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور کوئی ادارہ آئین سے باہر جانے کی نہ سوچتا ہے اور نہ ہی ارادہ رکھتا ہے۔
اس قسم کی افواہیں ان لوگوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں جو آمریت کے دور میں پلتے رہے اور اب بے روزگار ہوچکے ہیں لیکن اب انہیں یہ روزگار نہیں ملے گا۔