اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آمریت پاکستان کے عوام کے جمہوری رویوں کو نہیں کچل سکی، یہی وجہ ہے کہ آج آئین کو ختم یا معطل کرنے والوں کے احتساب کی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ پانچ جولائی 1977 کو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے دن کی منا سبت سے اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ تاریخ میں یہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
جب ایک آمر نے طاقت کے زور پر جمہوری حکومت کو ختم کر دیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ اس آمر نے مذہب کا استحصال اور آئین کے ساتھ ریاستی اداروں کو بھی تباہ کیا، فرقہ واریت، مذہبی انتہاپسندی اور جہادی کلچر کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے فروغ دیا، قوم ابھی تک آمریت کے اثرات سے باہر نہیں نکل سکی تاہم اس کے جمہوری رویوں کو ختم نہیں کیا جا سکا۔صدر زرداری نے کہا کہ عوام کے جمہوریت پسند ہونے کی وجہ سے آئین کو اصل شکل میں بحال کر دیا گیا ہے اور پر امن جمہوری انتقال اقتدار ممکن ہوا۔