جاں بحق 4 پولیو رضاکاروں کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

Police

Police

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے مینگل آباد میں پولیو ورکرز پر فائرنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد بلوچستان حکومت نے جاںبحق پولیو ورکز کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا۔

کہ شہیدوں کے خاندانوں کی صوبائی حکومت کفالت کریگی اور شہید ہونے والوں کے ورثاء کو 20, 20 لاکھ روپے امداد جبکہ ان کے خاندان کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جائے گی اور زخمیوں کو علاج کی تمام تر بہتر سہولیات کی فراہمی کے اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملہ انتہائی انسانیت سوز اور ہمارے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، بلوچستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، ہمیں دہشت گردی ، شدت پسندی، فرقہ واریت، جہالت اور پسماندگی کا سامنا ہے۔

لیکن ہمیں ملکر بلوچستان کو موذی بیماریوں ، پولیو، دہشت گردی، شدت پسندی، جہالت سے نجات اور امن و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے بتایا کہ ٹیکہ جات کی مہم اسی عزم اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گی اورآج بھی معمول کے مطابق مہم چلائی جائے گی اور کوئٹہ میں سیکورٹی کے لیے موثر اور فول پروف اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔