حیدرآباد (جیوڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن بدھ کو مختصر دورے پر حیدرآباد پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے حلقے پی ایس 50 میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کریں، صوبائی وزیر نے یو سی ہٹڑی میں کینالوں کی بھل صفائی نہ ہونے اور گندے پانی کے باعث زرعی زمین کو ہونے والے نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ یو سی ہٹڑی میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے اضافی مشینیں لگائی جائیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہے
انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، ماضی میں نظر انداز کیے جانے والے تعلقہ دیہی کے نوجوانوں کو قابلیت کی بنیاد پر روز گار دیا جائے گا، تعلقہ دیہی کے پسماندہ علاقوں کے باشندوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پی پی پی حکومت نے یہاں میگا پراجیکٹ شروع کیے ہیں جن کے مکمل ہونے سے تعلقہ دیہی میں نچلی سطح پر خوشحالی آئے گی، صوبائی وزیر نے قاسم آباد کے علاقے میں پی پی رہنما حاجی بدر میمن سے ان کے بھائی کے انتقال، پنہورگوٹھ میں امام بخش پنہور سے ان کے بھائی، ہوسڑی میں افضل راجپوت سے ان کے بھائی، ہوسڑی میں سابق یو سی ناظم عبداللہ شورو سے ان کے والد حاجی یعقوب شورو اور ہٹڑی میں آفتاب ساند سے ان کے والد حسین بخش ساند کے انتقال پرتعزیت کی اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی، اس موقع پر حاجی بدر میمن، وڈیرو کریم بخش جھیجو ، لعل بخش جھیجو، حاجی علی نواز ڈاھری، شاہد انصاری،میر رشید تالپور، شاہد علی عباسی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔