کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو بندوں کی مرمت کیلئے اربوں روپے دیے گئے لیکن سیلاب کے پیش نظر بندوں کی پیشگی مرمت نہ کرانا تشویشناک امر ہے، بندوں میں کہیں بھی شگاف پڑنے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا، موجودہ حالات میں عوام کی مدد کے بجائے عمران خان اور قادری جشن منانے میں مصروف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیلاب سے کافی نقصان ہوا ہے۔
وفاقی اور پنجاب حکومتیں سیلاب متاثرین کوہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے آئین اور قانون کے تحت کیے گئے مطالبات مان لیے گئے ہیں جبکہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا، اس سے قبل انہوں نے پیر آف رانی پورسید عاشق علی شاہ سے ان کی زوجہ کے انتقال پران کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت بھی کیا۔