ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ پروڈیوسر و ہدایتکار کرن جوہر کا بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کیساتھ تعلق زیادہ اچھا نہیں۔ کنگنا رناوت نے گزشتہ سال کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں سیف علی خان کیساتھ شرکت کی، جسکے بعد انہوں نے کرن پر بالی ووڈ میں اقربا پروری کرنے کیساتھ ساتھ اور بہت سے الزام بھی عائد کئے۔
اس شو کے بعد کنگنا اور کرن جوہر کے درمیان تنازعہ پیدا ہو گیا تاہم کرن جوہر اسکے باوجود بھی کنگنا کو اپنے کسی بھی شو پر دوبارہ بلانے سے نہیں کترا رہے۔
اپنے جلد نشر ہونیوالے شو “انڈیا نیکسٹ سپر سٹارز” پر کنگنا رناوت کو مہمان کے طور پر بلانے کے حوالے سے کرن جوہر نے کہا مجھے یقین ہے اگر ٹی وی چینل نے کنگنا کو یہاں آنے کی دعوت دی تو مجھے بیحد خوشی ہو گی۔
ہمارا دل بڑا ہے اور ہمارے گھر کا دروازہ سب کیلئے کھلا ہے۔ میں خوشی، پیار اور احترام سے اس شو پر کنگنا کا استقبال کرونگا۔