مختلف شہروں میں پولیس کا آپریشن، 200 سے زائد مشتبہ افراد زیر حراست

Nowshera

Nowshera

نوشہرہ (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کرکے 200 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ نوشہرہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ زیرحراست افراد میں افغان مہاجرین کے علاوہ دیر ،سوات اورباجوڑ سے تعلق رکھنے والے متاثرین آپریشن بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سوات آپریشن کو کئی برس گزرچکے لیکن یہ متاثرین ابھی تک اپنے علاقوں کو نہیں گئے اس لیے ان سے پوچھ گوچھ کی جارہی ہے۔ آپریشن میں پولیس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس کے علاوہ سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل تھی۔ صوابی میں سرچ آپریشن کے دوران 120 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مشتبہ افراد کا تعلق افغانستان، باجوڑ اور مہمند ایجنسی سے ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زڑکنی میں 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ رحیم یار خان میں پولیس نے بستی نورے والی، اسلامیہ کالونی اور دیہی علاقوں میں چھاپے مار کر ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

سرگودھا میں جھال چکیاں کے علاقوں میں پولیس نے مشتبہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن کیا اور غیرقانونی طور پر مقیم 12 افغان باشندوں کو تحویل میں لے لیا۔ کینٹ کے علاقے میں بھی مشتبہ افراد کیخلاف آپریشن جاری ہے اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ فیصل آباد میں صدر اور قریبی علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن میں 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔