مختلف شہروں میں بارش، مون سون کا نیا سلسلہ 2 سے 3 روز جاری رہنے کی پیشگوئی

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ مون سون کا دوسرا سلسلہ 2 سے 3 دن تک بارشوں کا باعث بنے گا۔

برکھا برسی تو گرمی کی چھٹی ہوگئی، گرمی کے ماروں نے سکھ کا سانس لیا۔

سیالکوٹ میں بادل جم کر برسے، چاروں طرف جل تھل ہوگیا، روزے داروں کے چہرے کھلے سو کھلے، درختوں کا رنگ بھی نکھر آیا۔

گوجرانوالہ میں بھی موسم نے انگڑائی لی، بادل جھوم کے برسے، نارروال میں بھی بارش رحمت اور نعمت بن گئی۔

کراچی میں بھی بادلوں کا راج ہے، محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پشاور تک ابھی بادل نہیں پہنچے، سورج آگ برسا رہا، پارہ 41 ڈگری کو چھو گیا، یہاں رات کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں بھی گرمی کا زور ہے، پارا 38 ڈگری ہے، روزے دار سخت آزمائش میں ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں نے بدھ سے جمعہ کے دوران راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانولہ، لاہور اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش 66 ملی میٹر سیالکوٹ میں ریکارڈ کی گئی۔