مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی ٹکرسے 4 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ٹریفک حادثات اور واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 20 سالہ محمد اظہر اور 24 سالہ ریحان شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ محمد اظہر دم توڑ گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعدلاش ورثا کے حوالے کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی لیاقت آباد کا رہائشی تھا۔ بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی انصاف مارکیٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ شریف اللہ ولد امیر حمزہ ہلاک ہو گیا جس کی لاش پولیس نے جناح اسپتال منتقل کی۔

پولیس نے بتایاکہ متوفی شریف گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اسے نامعلوم گاڑی نے کچل دیا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کردی۔ بوٹ بیسن کے علاقے شاہ رسول کالونی گلی نمبر 13 میں کچرا کنڈی سے 65 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ پولیس نے بتایاکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ متوفی کے جسم پر تشدد یا گولی کے نشانات نہیں ہیں،وہ کپڑوں سے نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔

پولیس نے کارروائی کے بعد لاش شناخت کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی۔ کھارا در کے علاقے بانٹوا اسپتال کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے 20 سالہ شہروز ولد یوسف شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں موت کی تصدیق ہوگئی۔ ڈاکس کے علاقے آئی سی آئی پل پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار تین افراد کو کچل دیا۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، راستے میں 30 سالہ محمد یوسف دم توڑ گیا جبکہ نبی داد اور عبدالحمید کو سول اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔